ایم ایل اے کی مشتبہ موت: ممتا بنرجی نے صدر جمہوریہ کو لکھا خط، کہا بی جے پی حقائق کو توڑ مروڑ کررہی ہے

ایم ایل اے دیویندر ناتھ رائے کی مشتبہ موت پر بی جے پی حقائق کے ساتھ چھیڑ خوانی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ممبر اسمبلی 2016 میں سی پی ایم کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ مگر 2019 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

کلکتہ: وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اتر دیناج پور کے ہیمت آباد سے ممبر اسمبلی دیویندر ناتھ رائے کی مشتبہ موت پر بی جے پی حقائق کے ساتھ چھیڑ خوانی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ممبر اسمبلی 2016 میں سی پی ایم کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ مگر 2019 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

63 سالہ ممبر اسمبلی کی لاش سوموار کی صبح گھر کے قریب سڑک کنارے ایک دکان کے باہر برآمد ہوئی تھی۔ نامعلوم افراد کے ساتھ وہ رات میں ایک بجے گھر سے نکلے تھے۔ رائے کے خاندان اور بی جے پی نے الزام عائد کیا ہے کہ ممبرا سمبلی کا قتل کیا گیا ہے اس لئے مرکزی ایجنسی کے ذریعہ جانچ کی جائے گی۔ کل منگل کو بی جے پی وفد نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کر کے اس پورے معاملے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ بی جے پی لیڈروں نے ریاست بھر میں پولیس اسٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا ہے۔

ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ رائے کی لاش جس دکان کے باہر برآمد ہوئی ہے وہ اس موبائل دکان کے باہر بیٹھ کر عموماً لوگوں سے ملاقات کرتے تھے۔ صدر جمہوریہ کو خط ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ڈیریک اوبرائن  نے سونپا ہے۔

ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ بی جے پی وفد نے آپ کے سامنے جو باتیں رکھی ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہے اور کچھ غلط حقائق رکھے ہیں۔

ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ اب تک ابتدائی جانچ اور پوسٹ مارٹم سے رپورٹ سامنے آئی ہے اس کے مطابق روپے کے لین دین سے تنگ آکر انہوں نے خودکشی کی ہے۔ ان کے جیب سے جو خودکشی نوٹ برآمد ہوئے ہیں اس کے مطابق انہوں نے ایسے دوافراد کی نشاندہی بھی کی ہے۔ اس لئے میں کہنا چاہتی ہوں کہ جس طریقہ سے بی جے پی اس پورے معاملے کو پیش کررہی ہے وہ صحیح نہیں ہے اور یہ کوئی سیاسی معاملہ نہیں ہے۔

ممتا بنرجی نے لکھا ہے کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد ان کی حکومت نے فوری طور پر جانچ شروع کردی تھی اور سی آئی ڈی حرکت میں آگئی تھی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔

کسی ممبر اسمبلی کی موت ہمارے لئے افسوس ناک ہے  اور ہم اس کے حقائق کو سامنے لائیں اور ان کی آتماکی شانتی کیلئے دعا کرتے ہیں۔

دوسری جانب ممتا بنرجی کے خط پر بی جے پی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پارٹی کی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔ بی جے پی کے جنرل سیکرٹری راہل سنہا نے کہا کہ حال ہی بنگال میں جتنے بھی سیاسی قتل ہوئے ہیں سبھوں کو خودکشی کی شکل دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

بدھ کی دوپہر تک سی آئی ڈی کی جانب سے اب تک کوئی بیان نہیں آیا ہے۔ خودکشی نوٹ میں نیلے سنہا نامی شخص کا نام تھا۔ اسے کل مالدہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ مہلوک ممبر اسمبلی کی اہلیہ نے پولیس سے کہا ہے کہ انہوں نے چاول کا کاروبار کرنے کے لئے بینک سے بڑے پیمانے پر لون لیا تھا۔

تعارف: hamslive

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*