بہار: ٹرک اور بس کے درمیان خوفناک تصادم، 7 مہاجر مزدور ہلاک، 12 زخمی

بھاگلپور: بہار کے بھاگلپور ضلع کے كھریک تھانہ علاقہ کے امبو موڑ کے پاس نیشنل ہائی وے -31 پر آج علی الصبح ٹرک اور بس کے درمیان خوفناک تصادم ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 7 مہاجر مزدور ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

نوگچھيا کے سرکل افسر مکیش کمار نے بتایا کہ ٹرک پر سوار مہاجر مزدور کھگڑیا کی طرف جا رہے تھے، تبھی امبو موڑ کے قریب بس اور ٹرک میں ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے کے بعد ٹرک پلٹ کر سڑک کنارے گڑھے میں جا گرا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرک میں لدے لوہے کے موٹے راڈ سے دب جانے سے مزدوروں کی موت ہوئی ہے۔ ہلاک شد گان کی لاشوں میں سے سات افراد کی لاشیں باہر نکالی گئی ہیں جبکہ کرین کی مدد سے دیگر کو باہر نکالنے کا کام جاری ہے۔

مسٹر کمار نے بتایا کہ بس پر سوار مزدور دربھنگہ سے بانکا جا رہے تھے. بس پر سوار 12 مزدور زخمی ہو گئے ہیں جنہیں نوگچھيا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے افسران موقع پر کیمپ کر رہے ہیں، امدادی کام جاری ہے۔