کورونا وائرس کے پیش نظر نیویارک میں رہا کئے جائیں گے 375 قیدی

واشنگٹن، امریکہ کے نیو یارک شہر میں کورونا وائرس (كووڈ -19) کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر آج 375 قیدی جیل سے رہا کئے جائیں گے۔ اس بات کی اطلاع نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسيو نے جمعہ کے روز صحافیوں کو دی۔ انہوں نے کہا ’’آج ہم 200 سے 375 قیدیوں کو رہا کرنے جا رہے ہیں‘‘۔

اس سے پہلے پر تشدد واقعات میں ایک سال سے کم کی سزا پانے والے 200 قیدیوں کو بدھ کے روز رہا کیا گیا تھا۔ مسٹر بل نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی پیرول کی خلاف ورزی کرنے والے سات سو قیدیوں کو رہا کرنے کی سفارش اس ہفتے کے اوائل میں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی وبا كووڈ -19 نے نیو یارک شہر کو اپنی گرفت میں لےلیا ہے۔ اب تک یہاں اس کی وجہ سے281 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے اور 21873 لوگ اس سے متاثر ہیں۔