کورونا وائرس کے بیک وقت تین کلینیکل ٹسٹ کا ہوا آغاز

نیویارک، 26مارچ (یواین آئی) امریکہ کے نیو یارک میں کوروناوائرس کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر امریکہ میں بیک وقت 3 قابل ذکر کلینیکل تجربات شروع کئے جا رہے ہیں۔

امریکی فوڈ ایند ڈرگ اتھارٹی نے ایک طرف ملیریا کی دوا ’ہائیڈرو کلورووکوئن ‘اور اینٹی بایوٹک دوا ’زیتھروماز‘ کو ملا کر تجربات کی منظوری دے دی ہے۔دوسری طرف کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کے پلازما اینٹی باڈیز کو سخت بیمار مریضوں میں استعمال کرنے کا تجربہ بھی شروع کیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ ایف ڈی اے نے کورونا نمونیہ سے شدید متاثر بڑی عمر کے مریضوں کے لئے کینسر کی ایک دوا کے فیز تھری کلینیکل تجربہ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دوا کینسر کو روکنے یا بالکل ابتدائی اسٹیج کے کینسر مریضوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ اکٹیرمانامی یہ دوا گٹھیا نما جوڑوں کی سوزش کے علاج میں بھی استعمال ہوتی ہے۔