امریکی سائنسداں کا انتباہ: ’ہر سال ہو سکتا ہے کورونا وائرس کا حملہ‘

واشنگٹن: امریکہ کے ایک سینئر سائنسدان انتھونی فاکی کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والا نیا کورونا وائرس ہر سال ٹھنڈ کے موسم میں حملہ آور ہو سکتا ہے۔ امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انفیکشز ڈیزیز کے ہیڈ ریسرچر انتھونی فاکی نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات کے قوی امکانات موجود ہیں کہ کورونا وائرس ہر سال سردیوں میں سیزنل وائرس کی طرح حملہ کرے گا۔

کورونا وائرس نے جنوب سے جڑ پکڑنا شروع کی تھی جہاں اس وقت سردیوں کا موسم ہے۔ انتھونی فاکی نے کہا کہ اس وقت اس وائرس کی ویکسین اور مؤثر علاج جلد سے جلد ایجاد کرنے کی ضرورت ہے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ جنوبی افریقہ اور دنیا کے جنوب خطوں میں یہ وائرس اب تیزی سے پھوٹ رہا ہے, ہمارے پاس زیادہ کیسز وہاں سے رپورٹ ہو رہے ہیں جن ممالک میں اس وقت ٹھنڈ ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ہو سکتا ہے کہ یہ وائرس ایک سائیکل کی شکل اختیار کر لے اور اس وائرس کی ایک اور لہر سے ہمیں لڑنا پڑے، اس کے لئے ہمارا تیار رہنا لازمی ہے، اس بات کا سارا دار و مدار اس بات پر ہے کہ ہم کب تک اس وائرس سے لڑنے کے لئے ویکسین تیار کر لیتے ہیں۔

یو این آئی